پی این ایس تیمور کا کامیاب ریسکیو آپریشن، 19 ماہی گیر بحفاظت بچا لیے گئے
کراچی: پاک بحریہ کے جنگی جہاز پی این ایس تیمور نے شمالی بحیرۂ عرب میں کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے 19 ماہی گیروں کو بحفاظت بچا لیا۔
پاک بحریہ کے مطابق ماہی گیروں کی کشتی گوادر سے تقریباً 120 ناٹیکل میل جنوب میں انجن کی خرابی کے باعث سمندر میں پھنس گئی تھی۔ کشتی میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہری سوار تھے، جنہیں بروقت کارروائی کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
پاک بحریہ نے بتایا کہ جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر کی اطلاع پر پی این ایس تیمور کو فوری طور پر روانہ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران بحریہ کے اہلکاروں نے ماہی گیروں کو خوراک، پینے کا پانی اور طبی امداد بھی فراہم کی، جبکہ کشتی کو بحفاظت ساحل تک پہنچایا گیا۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کامیاب ریسکیو آپریشن پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اور ایرانی شہریوں کو محفوظ طریقے سے بچانا پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور انسانی جانوں کے تحفظ کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ کھلے سمندر میں انسانی جانوں کا تحفظ قومی اور بین الاقوامی ذمے داریوں کی تکمیل کے لیے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔








