پشاور سنٹرل جیل میں سزا پوری ہونے کے باوجود 100 سے زائد قیدی تاحال قید

پشاور سنٹرل جیل میں سزا پوری ہونے کے باوجود 100 سے زائد قیدی تاحال قید

پشاور سنٹرل جیل میں سزا کی مدت مکمل ہونے کے باوجود 100 سے زائد قیدیوں کی تاحال رہائی نہ ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق متعدد قیدی اپنی مقررہ سزا پوری کرچکے ہیں، تاہم مختلف قانونی اور انتظامی رکاوٹوں کے باعث وہ اب بھی جیل میں موجود ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے واضح احکامات جاری کیے جاچکے ہیں، اس کے باوجود عملدرآمد میں تاخیر کا سامنا ہے۔ صورتحال نے قیدیوں اور ان کے اہل خانہ میں تشویش پیدا کردی ہے، جبکہ قانونی حلقوں کی جانب سے بھی اس معاملے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سزا پوری کرنے کے باوجود رہائی نہ ملنے والے قیدیوں میں بعض ایسے افراد بھی شامل ہیں جنہیں مزید جیل میں رکھنے کی قانونی مدت مکمل ہوچکی ہے۔ تاخیر کے دوران دو قیدیوں کے جیل میں انتقال کرجانے کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد معاملہ مزید سنگین ہوگیا ہے۔

متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ سزا مکمل کرنے والے قیدیوں کے مقدمات اور ریکارڈ کا فوری جائزہ لے کر ہائیکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ قانونی ماہرین کے مطابق کسی شخص کو مقررہ سزا مکمل ہونے کے بعد بلاجواز حراست میں رکھنا بنیادی قانونی حقوق سے متعلق اہم سوالات پیدا کرتا ہے۔

قیدیوں کے اہل خانہ نے بھی متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی اور رہائی کے عمل میں غیر ضروری تاخیر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

More News