پاکستانی اسکواش کھلاڑی ثناء بہادر نے آسٹریلیا میں بڑا اعزاز جیت لیا
پشاور: پاکستانی اسکواش کھلاڑی ثناء بہادر نے آسٹریلیا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویمنز بینڈگو اوپن اسکواش ٹائٹل 2026 اپنے نام کرلیا۔ پاکستانی کھلاڑی نے فیصلہ کن معرکے میں میزبان ملک کی کھلاڑی ریچل گرینہم کو ایک کے مقابلے میں تین گیمز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
بینڈگو اوپن اسکواش ٹورنامنٹ کا فائنل سنسنی خیز مقابلے کے بعد 26 منٹ میں مکمل ہوا۔ میچ کے آغاز میں آسٹریلوی کھلاڑی ریچل گرینہم نے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے پہلا گیم 11-2 سے اپنے نام کیا، جس کے بعد پاکستانی کھلاڑی کو مقابلے میں واپسی کے لیے بھرپور محنت کرنا پڑی۔
ثناء بہادر نے پہلے گیم میں شکست کے بعد شاندار کم بیک کیا اور دوسرے گیم میں اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے دوسرے گیم میں ریچل گرینہم کو 11-2 سے شکست دے کر مقابلہ ایک ایک گیم سے برابر کردیا۔
تیسرے گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ثناء بہادر نے اہم لمحات میں اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے 12-10 سے کامیابی حاصل کی اور میچ میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔
چوتھے گیم میں بھی مقابلہ دلچسپ رہا، تاہم پاکستانی کھلاڑی نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 11-9 سے گیم اپنے نام کرلیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ثناء بہادر نے فائنل 1-3 سے جیت کر ویمنز بینڈگو اوپن اسکواش ٹائٹل 2026 اپنے نام کرلیا۔
ٹورنامنٹ کے دوران ثناء بہادر نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کی شونا کاکس ایج کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ اس سے قبل کوارٹر فائنل میں انہوں نے آسٹریلیا کی ماریا روز کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
ویمنز بینڈگو اوپن 2026 پی ایس اے چیلنجر ٹور تھری کا حصہ تھا، جو 13 سے 16 اگست 2026 تک آسٹریلیا کے شہر بینڈگو میں منعقد ہوا۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر 32 کھلاڑیوں نے شرکت کی اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی کھلاڑیوں نے ٹائٹل کے حصول کے لیے مقابلہ کیا۔
ثناء بہادر کی آسٹریلیا میں کامیابی پاکستانی اسکواش کے لیے اہم پیشرفت قرار دی جارہی ہے۔ ان کی کامیابی نے نہ صرف پاکستان کا نام عالمی اسکواش سرکٹ میں نمایاں کیا بلکہ پاکستانی خواتین کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا بھی اظہار کیا ہے۔
اس کامیابی کے بعد ثناء بہادر سے مستقبل میں مزید بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر کارکردگی کی توقع کی جارہی ہے۔ پاکستانی اسکواش حلقوں نے بھی ان کی شاندار کامیابی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔





