راشد منہاس شہید کی 55ویں یومِ شہادت، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور سروسز چیفس کا خراجِ عقیدت
راولپنڈی: پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نشانِ حیدر کی 55ویں یومِ شہادت کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاکستان کی مسلح افواج نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 1971 میں آج ہی کے روز پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے غیر معمولی بہادری، غیر متزلزل عزم اور فرض سے بے مثال وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری اور وقار کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ راشد منہاس شہید کا بے لوث اقدام مادرِ وطن کے دفاع کے لیے بہادری، وفاداری اور عزم کی روشن مثال ہے، ان کی لازوال قربانی قوم اور مسلح افواج کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان کے عوام اور مسلح افواج نے قومی ہیرو کو عقیدت و احترام سے خراجِ عقیدت پیش کیا اور ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ راشد منہاس شہید کی لازوال میراث قوم اور مسلح افواج کو مسلسل متاثر کرتی رہے گی، جبکہ ان کی شخصیت بہادری، قربانی، حب الوطنی اور فرض سے وابستگی کی علامت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔








