پشاور پولیس پی آر او کے گھر پر نقاب پوش مسلح افراد کا حملہ، عالم خان زخمی
پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں رات گئے نامعلوم نقاب پوش مسلح افراد نے پولیس پی آر او عالم خان کے گھر پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق دو نقاب پوش حملہ آور گھر میں داخل ہوئے اور فائرنگ کی، جس سے عالم خان زخمی ہوئے۔ انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس کے مطابق موقع سے 9 ایم ایم پستول کے خالی خول بھی برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔








