لکی مروت میں پرانی دشمنی پر خونریز تصادم، خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق
لکی مروت: خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پرانی دشمنی ایک بار پھر خونریز تصادم میں تبدیل ہوگئی، جہاں دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ وانڈہ حاجی گل میں پیش آیا، جہاں دیرینہ دشمنی کی بنا پر دو گروپ آمنے سامنے آگئے اور دونوں جانب سے شدید فائرنگ ہوئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں ایک فریق کے دو جبکہ دوسرے فریق کے خاتون سمیت تین افراد شامل ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں لے آئی۔
لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق مقدمہ درج کرکے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔








