افغان حکومت نے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنا کر سرخ لکیر پار کردی، صدر مملکت
اسلام آباد:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ افغان حکومت نے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنا کر سرخ لکیر پار کردی ہے۔ انہوں نے افغان طالبان کے ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت کے ذریعے افغانستان میں قائم غیرقانونی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے مسلسل فرار ہو رہی ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ افغان حکومت دہشت گرد گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں نہ دینے کی یقین دہانیوں کو نظر انداز کر رہی ہے اور اسلامی دنیا کی ایک بڑی فوجی طاقت کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف افغان حکومت دوست ممالک سے مذاکرات کی کوشش کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف پاکستان کے شہریوں کو نشانہ بنا کر سرخ لکیر پار کر دی گئی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کوئٹہ، کوہاٹ اور راولپنڈی میں ڈرون حملوں سے زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر شہریوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔
صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سیکیورٹی ادارے ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔








