ای سی سی نے پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں 1.34 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی

ای سی سی نے پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں 1.34 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز کے مارجن میں نظرثانی کی منظوری دے دی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر تفصیلی غور کیا گیا، جس میں موٹر اسپرٹ (ایم ایس) اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) پر ڈیلرز مارجن میں اضافے کی تجویز شامل تھی۔

ای سی سی کی منظوری کے بعد پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز کا مارجن ایک روپے 34 پیسے فی لیٹر بڑھ کر 9 روپے 98 پیسے ہوگیا ہے، جبکہ اس سے قبل ڈیلرز کو فی لیٹر 8 روپے 64 پیسے مارجن حاصل تھا۔

ڈیلرز مارجن میں اضافے کی آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نے بھی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے ڈیلرز کے مطالبات پر پیش رفت ہوئی ہے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے منافع مارجن میں اضافے کے مطالبے پر ملک گیر ہڑتال کی کال دی تھی۔ حکومت کی یقین دہانی اور مذاکرات کے بعد ڈیلرز نے 15 اگست کو ہونے والی ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

نئے مارجن کے اطلاق سے پٹرولیم ڈیلرز کی فی لیٹر آمدنی میں اضافہ ہوگا، جبکہ حکومت کی جانب سے ڈیلرز کے دیگر مطالبات پر بھی مشاورت جاری رہنے کا امکان ہے۔

More News