بی آئی ایس پی رقم نکلوانے پر 280 روپے سروس چارجز مقرر، روبینہ خالد

بی آئی ایس پی رقم نکلوانے پر 280 روپے سروس چارجز مقرر، روبینہ خالد

لاہور: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے واضح کیا ہے کہ مستحق خواتین کو رقوم کی ادائیگی مزید شفاف، آسان اور محفوظ بنانے کے لیے ڈیجیٹل والٹس کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ رقم نکلوانے کے لیے 280 روپے سروس چارجز مقرر کیے گئے ہیں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے لاہور میں بی آئی ایس پی کے سینٹرل زونل آفس کا دورہ کیا، جہاں انہیں پروگرام کے آپریشنل امور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صدرِ مملکت اور وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر خواتین بینیفشریز کو ادائیگی کا نظام مزید مؤثر بنانے کے لیے ڈیجیٹل والٹس متعارف کرائے گئے ہیں۔

ان کے مطابق ملک بھر میں تقریباً 90 فیصد خواتین بینیفشریز کے ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس کھولے جاچکے ہیں۔ اس نظام کے تحت مستحق خواتین ملک کے کسی بھی حصے میں موجود مجاز بینک ایجنٹ سے اپنی رقم وصول کرسکیں گی۔

روبینہ خالد نے واضح کیا کہ بی آئی ایس پی کا عملہ خود فراہم کردہ سمز پر ڈیجیٹل والٹس فعال کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سم کے حصول یا بی آئی ایس پی کی کسی بھی اسکیم کے لیے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مستحق خواتین کو اپنی رقم وصول کرتے وقت مقررہ طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا، جبکہ رقم نکلوانے کے لیے سروس چارجز 280 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

بی آئی ایس پی چیئرپرسن کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ادائیگی کے نظام میں شفافیت بہتر ہوگی اور خواتین کو رقم کے حصول کے لیے غیر ضروری دشواریوں اور رش سے بھی نجات ملے گی۔ حکومت کی کوشش ہے کہ مستحق خاندانوں تک مالی معاونت براہِ راست اور محفوظ انداز میں پہنچائی جائے۔

More News