لنڈی کوتل کی تاریخی سفاری ٹرین زبوں حالی کا شکار، تاریخی ورثے کی بحالی کا مطالبہ

تاریخی ورثے کی ناگفتہ بہ حالت، لنڈی کوتل کی سفاری ٹرین عدم توجہی کا شکار

ضلع خیبر، لنڈی کوتل: سب ڈویژن لنڈی کوتل کو قدرتی حسن، تاریخی اہمیت اور سیاحتی مقامات کے باعث خیبرپختونخوا کے اہم علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے، تاہم علاقے میں موجود تاریخی سفاری ٹرین مناسب دیکھ بھال اور حفاظت نہ ہونے کے باعث بدحالی کا شکار ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق تاریخی سفاری ٹرین کو سیاحوں کی دلچسپی اور علاقے کے تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے خطیر رقم خرچ کرکے تیار کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کا مقصد لنڈی کوتل آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو علاقے کی تاریخ، ثقافت اور برطانوی دور سے وابستہ ریلوے نظام سے روشناس کرانا تھا، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ تاریخی اثاثہ متعلقہ حکام کی عدم توجہی کا شکار ہوگیا۔

موجودہ صورتحال میں سفاری ٹرین کے اندر کیکر کے درخت، جھاڑیاں اور مختلف اقسام کی خودرو گھاس اُگ آئی ہے، جبکہ مناسب صفائی اور دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث ٹرین کی حالت مزید خراب ہوتی جا رہی ہے۔ تاریخی ورثے کی اس صورتحال پر مقامی شہریوں اور سیاحوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ لنڈی کوتل میں تاریخی مقامات اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ اگر تاریخی سفاری ٹرین کی مناسب مرمت، صفائی اور تزئین و آرائش کی جائے تو اسے دوبارہ ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر فعال کیا جاسکتا ہے، جس سے نہ صرف سیاحوں کی دلچسپی بڑھے گی بلکہ مقامی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

عوام نے محکمہ ثقافت و سیاحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تاریخی سفاری ٹرین سمیت لنڈی کوتل کے دیگر تاریخی مقامات کی فوری طور پر بحالی اور حفاظت کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ تاریخی ورثہ کسی بھی علاقے کی شناخت اور آنے والی نسلوں کے لیے قیمتی اثاثہ ہوتا ہے، اس لیے اس کی حفاظت متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ حکام فوری توجہ دے کر سفاری ٹرین کو دوبارہ قابلِ دید بنائیں تاکہ لنڈی کوتل کی تاریخ، ثقافت اور مثبت تشخص کو ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے سامنے اجاگر کیا جاسکے۔

More News