وزیراعظم کا بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کا احترام یقینی بنانے پر زور

وزیراعظم کا بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کا احترام یقینی بنانے پر زور

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے منشور اور اس کے مقاصد سے پاکستان کی پختہ وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کے احترام کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔

وزیراعظم سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدوار سفیر اولارا اوتونو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صدر یوگنڈا کے خصوصی ایلچی اور سابق وزیراعظم روہاکانا روگونڈا بھی ان کے ہمراہ تھے، جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے بھی شرکت کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی نظام اور عالمی امور میں اقوام متحدہ کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کو مزید مضبوط بنانے اور کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق سمیت اقوام متحدہ کے تین بنیادی ستونوں پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔

وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کا احترام یقینی بنایا جانا چاہیے۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدوار سفیر اولارا اوتونو نے کثیرالجہتی نظام کے فروغ اور اقوام متحدہ کے تینوں بنیادی ستونوں کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات پر اظہارِ تشکر کیا۔

انہوں نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی قیادت اور اہم کردار کو بھی سراہا۔

More News