کارساز حادثے میں باپ بیٹی کو گاڑی کی ٹکر سے ہلاک کرنے والی ملزمہ بری

کارساز حادثے میں باپ بیٹی کو گاڑی کی ٹکر سے ہلاک کرنے والی ملزمہ بری

کراچی کے کارساز حادثے میں باپ بیٹی کو گاڑی کی ٹکر سے ہلاک کرنے کے کیس میں ملزمہ نتاشا کو امتناعِ منشیات کے مقدمے میں بھی بری کردیا گیا۔

عدالت کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں ملزمہ پر منشیات کے استعمال کا الزام ثابت نہیں ہوا۔ بلڈ ٹیسٹ میں بھی منشیات کے استعمال کی علامات نہیں پائی گئیں، جس کے بعد عدالت نے اسے منشیات کیس سے بری کرنے کا فیصلہ سنایا۔

ملزمہ نتاشا حادثے کے مقدمے میں پہلے ہی بری ہوچکی ہے۔ متاثرہ خاندان کی جانب سے عدالت میں صلح نامہ جمع کرایا گیا تھا، جس میں اہلِ خانہ نے کہا تھا کہ وہ اللہ کی رضا کی خاطر ملزمہ کو معاف کرتے ہیں۔ مقامی عدالت نے صلح نامہ قبول کرتے ہوئے حادثے کے مقدمے میں بھی ملزمہ کو بری کردیا تھا۔

یاد رہے کہ 19 اگست 2024 کو کراچی کے ضلع شرقی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو ٹکر مار دی تھی، جس کے نتیجے میں دونوں جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

حادثے کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے واقعے پر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا تھا کہ گاڑی چلانے والی خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ پولیس نے موقع سے ڈرائیور نتاشا کو گرفتار کیا تھا، جبکہ طبی معائنے اور ٹیسٹ کے لیے انہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

حالیہ عدالتی فیصلے کے بعد ملزمہ کے خلاف منشیات کے استعمال سے متعلق مقدمہ بھی ختم ہوگیا ہے۔

More News