پاکستان کے ساتھ تمام مسائل بات چیت اور افہام وتفہیم کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں: افغان وزیر خارجہ

افغانستان پاکستان کے ساتھ تمام مسائل بات چیت سے حل کرنا چاہتا ہے، امیر خان متقی

اسلام آباد

افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ افغانستان بطور ہمسایہ ملک پاکستان کے ساتھ تمام مسائل بات چیت اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔

افغان وزارت خارجہ کے مطابق امیر خان متقی نے عبداللہ بن زاید النہیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، افغانستان اور امریکا کے درمیان معاملات اور پاکستان کے ساتھ حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق افغان وزیر خارجہ نے ایک امریکی قیدی کی رہائی میں کامیاب ثالثی پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا اور دیگر مسائل کو بھی سفارتی ذرائع سے حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

امیر خان متقی نے کہا کہ کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی کہ افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرے اور اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ نے خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے، جبکہ جنگ میں اضافے کو تشویشناک قرار دیا۔

افغان وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف افغانستان کے تمام فوجی اقدامات دفاعی نوعیت کے تھے اور جارحیت کی صورت میں اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

دوسری جانب اماراتی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں اور متحدہ عرب امارات مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

More News