پشاور میں فائرنگ کے 3 واقعات، افغان شہری سمیت 3 افراد جاں بحق
پشاور: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے 3 واقعات میں افغان شہری سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود لالہ رخ کالونی میں گھر کی دہلیز پر فائرنگ سے افغان شہری بلال جاں بحق ہوگیا۔ نامعلوم مسلح افراد فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ زخمی بلال کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
دوسرے واقعے میں تھانہ آغا میر جانی شاہ کے علاقے مہمند آباد میں ایک بیٹھک کے اندر فائرنگ سے عمیر ولد یاسین جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق قتل کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے۔
تیسرے واقعے میں تھانہ شاہ پور کی حدود مسلم آباد، فتوح عبدالرحیمہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 31 سالہ ہدایت اللہ جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی ہے۔
پولیس کے مطابق تینوں واقعات کے مقامات سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، جبکہ مقتولین کے لواحقین کی رپورٹس پر مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش اور مزید تفتیش جاری ہے۔








