کاروبار دوست پالیسیوں سے معیشت مستحکم ہوئی، نجی شعبے کا اعتماد بحال ہو رہا ہے: وزیراعظم

بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ وفاقی بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے اور غیر رسمی معیشت کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار معروف صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جس میں ملکی معیشت، سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور نئے مالی سال کے بجٹ سے متعلق امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ملک کی ممتاز کاروباری شخصیات اور صنعتکاروں نے شرکت کی، جن میں میاں محمد منشا، عارف حبیب، عاطف باجوہ، محمد علی ٹبہ اور مصدق ذوالقرنین سمیت دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔ ملاقات کے دوران معاشی استحکام، ٹیکس اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری ملک کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے صنعتکاروں اور تاجروں کو پاکستان کا سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شخصیات دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت شناخت اور اقتصادی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

وزیراعظم نے مشکل معاشی حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر کاروباری برادری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط شراکت داری معاشی ترقی اور پائیدار استحکام کی ضمانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی پالیسیوں کی تشکیل میں کاروباری طبقے سے مشاورت کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے کیونکہ یہی طبقہ ملکی معیشت کی حقیقی ضروریات اور چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہوتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے نتیجے میں ملکی معیشت میں استحکام آیا ہے اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے ماڈل کو فروغ دے رہی ہے تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور معیشت کی بنیادیں مزید مضبوط کی جا سکیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ صنعت، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ان شعبوں کی بہتری سے نہ صرف معیشت کو مزید استحکام ملے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

ملاقات میں شریک کاروباری وفد نے حکومت کی جانب سے ٹیکس اصلاحات، کاروباری آسانیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا خیر مقدم کیا۔ وفد کو حکومت کی معاشی پالیسیوں اور صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے جاری منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

More News

Crime

خیبرپختونخوا پولیس کا مائننگ ایکسپلوسیو کے دہشتگردی میں استعمال کو روکنے کیلئے حکمت عملی بنانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا پولیس کا مائننگ بارودی مواد کے دہشتگردی میں استعمال کی روک تھام کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ پشاور:سید عدنان خیبرپختونخوا

Read More »