بھارتی فوج کو اندرونی بحرانوں کا سامنا، خودکشیاں، تربیتی حادثات اور اسلحہ چوری پر سوالات
نئی دہلی: بھارتی فوج کو صرف سرحدی محاذوں پر ہی نہیں بلکہ اپنے داخلی نظام، تربیتی معاملات اور سیکیورٹی انتظامات میں بھی سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق فوجی شیوانند ریڈی نے زمین کی الاٹمنٹ کے طویل تنازع سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کی کوشش کی۔ وہ گزشتہ 20 سال سے دفاعی اہلکاروں کے لیے مختص زمین کے حصول کے لیے کوشش کررہا تھا۔
دوسری جانب بھارتی جریدے دی نیو انڈین ایکسپریس کے مطابق گزشتہ سال صرف سی آر پی ایف میں 59 اہلکاروں نے مبینہ طور پر ذہنی دباؤ اور مایوسی کے باعث اپنی جان لے لی۔
بھارتی فوج کی تربیتی سرگرمیوں کے دوران بھی حادثات سامنے آرہے ہیں۔ نیوز 18 کے مطابق ہریانہ میں فوجی تربیتی مشق کے دوران 5 اہلکار دریا میں بہہ گئے، جن میں سے 2 تاحال لاپتہ ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کشتی میں فنی خرابی کے باعث اہلکار پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئے۔
ادھر سکندرآباد میں ایک فوجی تنصیب سے 4 رائفلوں سمیت دیگر ہتھیار چوری ہونے کے واقعے نے بھارتی فوج کے سیکیورٹی نظام پر بھی سنگین سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ملزمان حساس فوجی احاطے میں داخل ہوکر اسلحہ ذخیرہ کرنے کی جگہ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
بھارتی فوج کو درپیش خودکشیوں، تربیتی حادثات اور حساس فوجی تنصیبات سے اسلحہ چوری جیسے واقعات داخلی انتظامی اور سیکیورٹی چیلنجز کی سنگینی کو نمایاں کرتے ہیں۔







