پولیو مہم کے پہلے تین روز میں ایک کروڑ 96 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل
ملک بھر میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے پہلے تین روز کے دوران ایک کروڑ 96 لاکھ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا دیے گئے، جبکہ مہم کا چوتھا روز بھی جاری ہے۔ ملک کے 97 منتخب اضلاع میں جاری یہ مہم 8 نومبر تک جاری رہے گی۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق اس مہم کے دوران ملک بھر میں تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے 2 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین فراہم کر رہے ہیں۔
صوبائی اور علاقائی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کے 13 منتخب اضلاع میں اب تک 75 لاکھ 52 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، جبکہ سندھ کے 20 اضلاع میں تقریباً 56 لاکھ 59 ہزار بچوں کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے 27 اضلاع میں تقریباً 40 لاکھ 2 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہیں، جبکہ بلوچستان کے 31 اضلاع میں 16 لاکھ 50 ہزار سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کی جا چکی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 4 لاکھ 18 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے، جبکہ گلگت بلتستان کے 3 اضلاع میں ایک لاکھ 49 ہزار سے زائد اور آزاد جموں و کشمیر کے 2 اضلاع میں ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے، تاہم بروقت ویکسینیشن کے ذریعے بچوں کو اس خطرناک مرض سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ ادارے نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔
پولیو ٹیموں سے متعلق معلومات یا شکایات کے لیے قومی ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ واٹس ایپ نمبر 03467776546 پر بھی پیغام بھیجنے کی سہولت موجود ہے۔








