پیسکو نے صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے تین سطحوں پر کمیٹیاں تشکیل دے دیں
پشاور: پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے صارفین کی شکایات کے فوری ازالے اور مسائل کے حل کے لیے ڈویژن، سرکل اور ہیڈ کوارٹر کی سطح پر تین کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔
ترجمان پیسکو کے مطابق ان کمیٹیوں کے قیام کا مقصد بجلی صارفین کو درپیش مسائل کا مؤثر حل یقینی بنانا اور شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید بہتر بنانا ہے۔
پیسکو کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ڈویژنل سطح کی کمیٹی میں متعلقہ ایکسین، ڈپٹی کمرشل منیجر، سب ڈویژنل آفیسر (ایس ڈی او) اور ریونیو آفیسر شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی 15 لاکھ روپے تک کے معاملات حل کرنے کی مجاز ہوگی۔
اسی طرح سرکل کی سطح پر قائم کمیٹی میں متعلقہ سپرنٹنڈنٹ انجینئر، ڈپٹی کمرشل منیجر اور ایکسین شامل ہوں گے، جسے 30 لاکھ روپے تک کے مسائل حل کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
ہیڈ کوارٹر کی سطح پر قائم کمیٹی میں چیف کمرشل آفیسر، منیجر کمرشل اور متعلقہ سپرنٹنڈنٹ انجینئر شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی 30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے معاملات کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے اقدامات کرے گی۔
ترجمان پیسکو کے مطابق تینوں کمیٹیاں موصول ہونے والی شکایات کے ازالے کے لیے کام کریں گی اور تمام شکایات کو ایک ماہ کے اندر حل کرنے کے ساتھ فیصلوں پر عمل درآمد بھی یقینی بنائیں گی۔








