گلگت بلتستان اور پختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے، شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری

گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں، گلیشیئر پھٹنے اور سیلاب کے خطرے کا الرٹ جاری

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیئر پھٹنے،شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 3 مئی 2026 سے ایک معتدل مغربی لہر پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پر بارش، آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارشیں ہو سکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق درجہ حرارت میں اچانک اضافے کے بعد اس نوعیت کی موسمی صورتحال گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ (GLOF)، مٹی اور برفانی ملبے کے بہاؤ اور اچانک سیلاب کے خطرات کو بڑھا دیتی ہے۔ خاص طور پر ہوپر، غلکین، ششپر، یاسین، پھنڈر، بڈسوات، لوئر ہنزہ، نگر، گھانچے، دیر اور دیر بالا جیسے علاقے زیادہ خطرے کی زد میں ہیں۔

محکمہ موسمیات نے برفانی وادیوں میں رہنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ شہریوں کو یہ بھی تاکید کی گئی ہے کہ پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی تبدیلی یا پتھروں کے ٹکرانے جیسی آوازوں کی صورت میں فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مویشیوں اور ضروری سامان کو بلند مقامات پر منتقل کیا جائے اور مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹیوں سے مسلسل رابطہ رکھا جائے۔

حکام کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارے 24 گھنٹے الرٹ ہیں اور دور دراز علاقوں میں تکنیکی فوکل پرسنز کے ذریعے صورتحال کی نگرانی جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔

More News