حج 2027 کے لیے عازمین کی رجسٹریشن کل سے شروع ہوگی، وزارت مذہبی امور کا شیڈول جاری
اسلام آباد: وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2027 کے لیے عازمین حج کی رجسٹریشن کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں حج رجسٹریشن کا عمل کل سے شروع ہو جائے گا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027 کے لیے رجسٹریشن بالکل مفت ہوگی اور اس مد میں کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کا عمل “پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا، لہٰذا خواہشمند افراد کو بروقت رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارت کے اعلامیے کے مطابق سرکاری اور نجی دونوں حج اسکیموں کے تحت فریضۂ حج ادا کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ رجسٹریشن کے بغیر کوئی بھی شخص حج 2027 کے لیے درخواست جمع نہیں کرا سکے گا۔
وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ رجسٹریشن کے لیے درخواست گزار کا پاسپورٹ کم از کم 26 نومبر 2027 تک مؤثر ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ ایک ہی خاندان کے افراد مشترکہ طور پر بھی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں، جس سے درخواست کے عمل میں آسانی پیدا ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی حج رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ بھی بروقت اپنے ناموں کا اندراج کرا سکیں۔ عازمین ملک بھر میں مقررہ بینکوں کی شاخوں کے ذریعے رجسٹریشن کروا سکیں گے، جبکہ جدید سہولیات کے پیش نظر آن لائن رجسٹریشن کا آپشن بھی دستیاب ہوگا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج پالیسی 2027 اور حج اخراجات کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی، جبکہ ابتدائی مرحلے میں صرف رجسٹریشن مکمل کی جائے گی۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مقررہ وقت کے اندر رجسٹریشن کروا کر حج درخواست کے لیے اپنی اہلیت یقینی بنائیں








