شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت، ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے جلوس آج برآمد ہوں گے

شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت، ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے جلوس آج برآمد ہوں گے

اسلام آباد: حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے ماتمی جلوس آج برآمد ہوں گے۔ جلوسوں کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں اور حساس مقامات کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد، لاہور، کراچی، ملتان اور دیگر شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر خصوصی سیکیورٹی پلان نافذ کیا گیا ہے جبکہ متعدد مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔

لاہور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

ملتان میں مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوگا جبکہ جلوس کے راستوں اور اطراف کی مسلسل نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ جی سکس اثنا عشریٰ سے برآمد ہوگا۔ انتظامیہ نے جلوس کے راستوں کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے تاکہ سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔

کراچی میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ناصر العزاء سے برآمد ہوگا۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔

ملک بھر میں عزاداری کے اجتماعات اور جلوسوں کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ ہیں۔

More News