ملک میں دریاؤں اور ندی نالوں میں سیلابی صورتحال، آئندہ 48 گھنٹوں میں مزید خطرے کا خدشہ
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر نے ملک میں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی تازہ صورتحال جاری کردی۔ دریائے چناب کے خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب جبکہ پلکھو نالہ وزیرآباد میں بھی درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دریائے سندھ کے کالاباغ، چشمہ اور تونسہ، دریائے چناب کے مرالہ اور تریموں، دریائے راوی کے بلوکی اور سدھنائی جبکہ دریائے کابل کے نوشہرہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب میں مرالہ، خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل کے مقامات پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا امکان ہے، جبکہ تریموں بیراج پر پانی کی سطح بڑھ کر درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچ سکتی ہے۔
آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں، خیبرپختونخوا کے برساتی نالوں اور شمالی بلوچستان میں اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔ گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، ملتان، حافظ آباد اور لاہور کے شہری علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو ممکنہ سیلابی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز، تیز بہاؤ والے پانی کو پیدل یا گاڑی کے ذریعے عبور نہ کرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
متعلقہ اداروں کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، ہنگامی ٹیموں کو تیار رکھنے اور بند شاہراہوں کی فوری بحالی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام کو موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔








