شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج 3 بجے طلب
اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج (پیر) سہ پہر 3 بجے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت طلب کر لیا گیا ہے، جس میں ملکی صورتحال سمیت اہم قومی اور بین الاقوامی امور پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کابینہ کے ارکان کو سعودی عرب، پاکستان اور ترکیے کے درمیان ہونے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق بریفنگ دیں گے۔ وزیراعظم معاہدے کی اہمیت، اس کے اغراض و مقاصد اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر اس کے ممکنہ اثرات سے بھی کابینہ کو آگاہ کریں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی، سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران قومی سلامتی، ملکی معیشت، عوامی مسائل اور حکومت کی جانب سے جاری مختلف اقدامات پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مختلف وزارتوں اور اداروں سے متعلق اہم معاملات بھی زیر غور آسکتے ہیں، جبکہ قومی مفاد سے متعلق بعض اہم فیصلوں کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔ کابینہ ارکان ملک کو درپیش موجودہ چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے حکومتی حکمت عملی پر بھی اپنی آرا پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان حال ہی میں مشترکہ دفاعی معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ معاہدے کی اہم شق کے مطابق تینوں ممالک میں سے کسی ایک ملک کے خلاف ہونے والی جارحیت کو تینوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ معاہدہ خطے میں دفاعی تعاون، مشترکہ سلامتی اور باہمی شراکت داری کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اس معاہدے کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔








