پنجاب میں خصوصی انسداد پولیو مہم 21 ستمبر سے شروع ہوگی
لاہور: پنجاب میں خصوصی انسداد پولیو مہم 21 ستمبر سے شروع ہوگی، جو 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران صوبے کے 13 اضلاع میں ایک کروڑ 6 لاکھ 48 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس سول سیکرٹریٹ لاہور میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ہوا، جس میں صوبے میں پولیو کے خاتمے کیلئے جاری اقدامات اور آئندہ مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، وزیراعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عظمیٰ کاردار، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیئر، محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام، بین الاقوامی اداروں کے نمائندگان، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ خصوصی انسداد پولیو مہم پنجاب کے 8 اضلاع میں مکمل جبکہ 5 اضلاع میں جزوی طور پر منعقد ہوگی۔ لاہور، ملتان، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور شیخوپورہ میں مکمل مہم چلائی جائے گی، جبکہ اٹک، بہاولپور، فیصل آباد، قصور اور میانوالی کے مخصوص علاقوں اور یونین کونسلز میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
مہم کے دوران مجموعی طور پر 1,376 ہدف شدہ یونین کونسلز کا احاطہ کیا جائے گا۔ پولیو مہم کیلئے 39,774 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن کے ساتھ 77,488 اہلکار فرائض انجام دیں گے۔
حکام کے مطابق 36,420 موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر 81 لاکھ 67 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔ اس کے علاوہ مقررہ مراکز پر بچوں کی ویکسینیشن کیلئے 2,060 فکسڈ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، جبکہ مسافر بچوں کی ویکسینیشن کیلئے 1,294 ٹرانزٹ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔
لاہور میں مہم سات روز جبکہ دیگر ہدف شدہ اضلاع میں چار روز جاری رہے گی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے تک پولیو ویکسین پہنچانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران گھروں پر موجود نہ ہونے والے بچوں اور رہ جانے والے بچوں کی دوبارہ کوریج یقینی بنائی جائے۔ زیادہ نقل و حرکت والے اور ہائی رسک علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ بس اڈوں، سفری راستوں اور انٹری و ایگزٹ پوائنٹس پر ٹرانزٹ ٹیموں کو فعال رکھا جائے۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے بھی ڈپٹی کمشنرز کو مہم کی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے مسڈ چلڈرن کی کوریج پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا تاکہ کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔








